جہانگیر ترین کی نئی پارٹی کیلئے 2 مجوزہ نام سامنے آگئے

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما جہانگیر ترین کی نئی پارٹی کے 2 مجوزہ نام سامنے آگئے تاہم فی الحال اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین گروپ کی نئی سیاسی جماعت کیلئے عوام دوست پارٹی اور پاکستان انصاف پارٹی کے 2 نام سامنے آئے ہیں۔ اس حوالے سے پارٹی اراکین کے ساتھ مشورہ کیا جا رہا ہے۔ پارٹی کا تیسرا نام بھی سامنے آنے کا امکان ہے، جلد ہی باہمی مشاورت سے نام کا اعلان کردیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین اس حوالے سے پنجاب کے سابق سینئر وزیر علیم خان سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔ جہانگیر ترین نے لیگل ٹیم کو بھی پارٹی رجسٹریشن کیلئے فوری اقدامات کرنے کا ٹاسک دے دیا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ لیگل ٹیم کی جانب سے سیاسی جماعت کے نئے نام کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو درکار تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ آئندہ ہفتے پارٹی رجسٹر کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کو درخواست بھی دے دی جائے گی۔

Scroll to Top