بھارتی ستارے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئرکر کے کروڑوں وصول کرتے ہیں

نئی دہلی: بھارت کے ستارے (سلیبریٹیز) سماجی رابطوں کی ویب سائٹس (سوشل میڈیا) پر ایک پوسٹ کے کروڑوں روپے وصول کرنے لگے ہیں۔

مؤقر بھارتی نشریاتی ادارے اے بی پی لائیو اور ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارتی ستارے انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرنے کی قیمت کم لیتے ہیں لیکن لنک کے ہمراہ اسٹوری لگانے کے چارجز زیادہ وصول کرتے ہیں، اس فہرست میں عالمی شہرت یافتہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی پہلے نمبر پر ہیں۔

میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ویرات کوہلی ایک پوسٹ کے ساڑھے تین کروڑ سے پانچ کروڑ روپے تک لیتے ہیں، ان کے فالوورز کی تعداد 25 کروڑ کے قریب ہے۔

رپورٹ  کے مطابق بالی ووڈ اور ہالی ووڈ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی پریانکا چوپڑا ایک پوسٹ کے 2 کروڑ روپے لیتی ہیں جب کہ ان کے فالوورز کی تعداد 8 کروڑ 77 لاکھ ہے۔

اعداد و شمار کے تحت بالی ووڈ اداکارہ اور فلم پٹھان سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والی دپیکا پاڈوکون ایک پوسٹ کے دو کروڑ روپے چارج کرتی ہیں جب کہ ان کے فالوورز کی تعداد سات کروڑ 41 لاکھ ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق شردھا کپور جن کے انسٹاگرام پر 8 کروڑ 8 لاکھ فالوورز ہیں، ایک پوسٹ کے ڈیڑھ کروڑ روپے لیتی ہیں، عالیہ بھٹ ایک پوسٹ شیئر کرنے کے ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے وصول کرتی ہیں جب کہ ان کے فالوورز کی تعداد 7 کروڑ 74 لاکھ ہے۔

سوشل میڈیا پر 7 کروڑ 28 لاکھ فالوورز رکھنے والی کترینہ کیف ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ایک کروڑ روپے لیتی ہیں۔

Scroll to Top