ایشین کرکٹر کونسل ایشیا کپ کے حوالے سے کل حتمی فیصلہ سنائے گا

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشین کرکٹر کونسل (اے سی سی) ایشیا کپ کے حوالے سے کل حتمی فیصلہ سنائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے نجم سیٹھی نے رواں سال ستمبر میں ایشیا کپ پاکستان میں ہونے سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو نہیں ملتی تو ہمیں اس کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ اے سی سی نے پیر تک جواب دینے کا کہا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پی سی بی کی ٹیم کو کہا ہے کہ ایشیا کپ پاکستان کے بغیر ہونے کی صورت میں 3 ملکی سیریز کا اہتمام کریں۔ امید ہے کہ یہ کرنے کی ضرورت پیش نہیں آئے گی اور تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم بھارتی ٹیم کو سیکیورٹی فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن پھر ورلڈکپ میں انہیں یہ ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔ اگر بھارتی ٹیم لاہور، راولپنڈی یا کراچی میں کھیلنے کیلئے رضامند ہے تو ہمیں بھی کولکتہ، احمد آباد یا چنئی میں کھیلنے پر کوئی اعتراض نہیں

ملکی صورتحال کے سوال پر انہوں نے کہا کہ 6 ماہ سے ملک میں سابق وزیراعظم کی احتجاجی تحریک جاری ہے۔ اسی دوران انگلینڈ، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیریز کھیل کر گئیں۔ موجودہ ملکی صورتحال عارضی ہے، ایشیا کپ ستمبر میں ہونا ہے۔

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ احمدآباد میں کھیلنے کا سوال بعد میں آئے گا، پہلی بات تو یہ ہے کہ ہم شرکت کیلئے بھارت جائیں۔

Scroll to Top